سبی میں ریل ٹریک پر دھماکے کے بعد بلوچستان کیلئے ٹرین سروس معطل کردی گئی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے سبی میں ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے کے بعدحکومت پاکستان نے سیکورٹی خداشت کے پیش نظر ایک بار پھر بلوچستان کیلئے ٹرین سروس معطل کردی ہے ۔

گذشتہ شب سبی میں مشکاف کے مقام پر مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد سے 3فٹ سے زائد ریلوے ٹریک کونقصان پہنچایا ۔

دوسری جانب کوئٹہ اور کولپور کے درمیان ریلوے ٹریک کے درمیان دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ٹریک محفوظ رہا لیکن ریلوے حکام کو سیکورٹی فورسز کی جانب سے کلیئر نس نہ ملنے کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں ۔

ریلوے ٹریک پر حملے کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈ(بی آرجی ) نے قبول کرلی ہے۔

بلوچستان کے لئے ٹرین سروس ایک بار پھر معطل کرنے پر محکمہ ریلوے کے کا کہنا ہے کہ عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہفتہ کو کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس اسپیشل صبح 8بجے اور دوسری جعفر ایکسپریس ٹرین اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوگی۔

ریلوے ذرائع کے مطابق گزشتہ شب مشکاف اور سبی کے درمیان ریلوے ٹریک پر نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 3فٹ سے زائد ریلوے ٹریک کا ٹکڑا اڑ گیا۔

ریلوے حکام کی جانب سے واقع کی اطلاع ملنے پر مذکورہ ریلوے لائن کی مرمت کردی گئی۔

دوسری جانب کولپور سے سپیزنڈ کے درمیان ریلوے ٹریک کے قریب نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی مالی نقصان نہیں ہوا۔

سیکورٹی کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے جمعہ کو کوئٹہ سے پشاور جانی والی جعفر ایکسپریس اور کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کو منسوخ کر دیا گیا۔

ریلوے حکام نے ہفتہ کو جعفر ایکسپریس اسپیشل صبح 8 بجے اور دوسری جعفر ایکسپریس ٹرین اپنے مقررہ وقت پر روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Share This Article