پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے ملحقہ شہر راولپنڈی میں فوجی کیمپ اور کوئٹہ پر ڈرون حملوں سے 3 بچے زخمی ہو گئے ۔
پاکستان کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد سے ملحقہ شہر راولپنڈی میں دو ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ڈرون کہاں سے آئے اور ان کا ہدف کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں عام ڈرونز تھے اور انھیں الیکٹرانک آلات کی مدد سے ناکارہ بنایا گیا۔
اسی طرح بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ایک نامعلوم ڈرون مکان پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 3 بچے زخمی ہو گئے ۔
پولیس حکام کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ کہ ہنہ تھانہ کی حدود میں واقعہ کلی سنک میں عبدالرزاق نامی شخص کے گھر پر نامعلوم ڈرون گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود بی بی آمنہ، بی بی عالمہ سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
ڈرون گرنے کے نتیجے میں مکان بری طرح متاثر ہو گیا جبکہ جائے وقوہ پر تباہ ہونے والے ڈرون کا ملبہ بھی بکھر گیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ڈرون کس سمت سے آیا ہے تاہم شبہ یہی ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ افغانستان کی جانب سے در اندازی کی کوشش تھی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب افغان طالبان کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز نے جمعہ کی شام فیض آباد کے نزدیک واقع اہم فوجی تنصیب ’حمزہ (کیمپ)‘ کو نشانہ بنایا ہے۔
وزاتِ دفاع کی جانب سے ایکس پر جاری اس بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے وہاں موجود کمانڈ سینٹر اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جس میں کافی نقصان ہوا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد کی جمعہ کی شام شہر کے سیکٹر آئی نائن میں ایک ڈرون گرنے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی تھی۔
ڈرون گرنے سے ہونے والے نقصان کے بارے میں تاحال حکام نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
اسی دوران اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لیے فضائی آپریشنز بھی معطل رہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر آج کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز میں معمولی ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی اور اب ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ جمعہ کو پاکستان میں ڈرون گرنے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جمعہ کی صبح جمعہ کی صبح افغان طالبان حکومت کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں فوجی چھاؤنی کو ڈرونز کی مدد سے نشانہ بنانے کا دعوی کیا تھا۔
وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ کوہاٹ چھاؤنی پر ڈرون حملہ گذشتہ رات کی گئی پاکستانی بمباری کے جواب میں کیا گیا ہے۔