بلوچستان گرینڈ الائنس کے چیئرمین کی گرفتاری آمرانہ اقدام ہے، ڈٹ کر مقابلہ کرینگے، علی اصغر

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان گرینڈ الائنس کے چیئرمین کاکڑ سمیت کئی ارکان کی گرفتاری کو الائنس نے حکومت کی جانب سے آمرانی اقدامات قرار دیتے ہوئے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

بلوچستان گرینڈ الائنس کے جنرل سیکرٹری علی اصغر بنگلزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں گرفتار ہونے والے جیالوں سے فوری ملاقاتیں کریں اور ان کی تمام بنیادی و ضروری ضروریات کا خاص خیال رکھیں۔ ملازمین کے جائز، قانونی اور آئینی حقوق کی اس جدوجہد میں دی جانے والی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ حکومت، اپنے غیر جمہوری رویّوں اور عوام دشمن طرزِ حکمرانی کے باعث، عوام میں کبھی مقبولیت حاصل نہ کر سکی، اور اب ملازمین کے خلاف جابرانہ اقدامات کے ذریعے خود ملازمین میں بھی شدید اشتعال اور بے چینی پیدا کر چکی ہے۔ بلوچستان گرینڈ الائنس ایسے طرزِ عمل کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور کسی بھی غیر قانونی و غیر آئینی اقدام کے سامنے جھکنے کے بجائے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔

موجودہ حکومت ملازمین کے خلاف تھری ایم پی او، برطرفیوں، شوکاز نوٹسز اور معطلیوں جیسے ہتھکنڈوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانا چاہتی ہے، جنہیں بلوچستان گرینڈ الائنس یکسر مسترد کرتا ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ کسی بھی صورت اپنے جائز، قانونی اور آئینی طور پر تسلیم شدہ حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

علی اصغر بنگلزئی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام ملازمین کے نام ایک واضح پیغام ہے کہ یہ جدوجہد آپ کے بنیادی حقوق اور آپ کے بچوں کے مستقبل کے تحفظ کی جنگ ہے۔ آئیے! منظم ہوں، متحد ہوں اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنے اپنے اضلاع کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے شانہ بشانہ اس پُرامن تحریک میں عملی طور پر شامل ہوں۔

آخر میں بلوچستان کی تمام ملازم تنظیموں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ پنشن اصلاحات کے نام پر ملازمین اور ان کے بچوں کے معاشی قتل، ایڈہاک ازم اور دیگر مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف بلوچستان گرینڈ الائنس کی صفوں میں شامل ہو کر اس ظلم و جبر کے خلاف عملی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کی قیادت ملازمین کے حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

Share This Article