بلوچستان کے علاقے قلات میں بس پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
مبینہ طور پر واقعے میں صابری قوال گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 موسیقار ہلاک جبکہ چودہ افراد زخمی ہوئے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقدمہ تھانہ قلات کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانہ قلات میں درج کیا گیا، جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی بس پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں3 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کا تعلق کراچی سے تھا جو کوئٹہ میں ایک موسیقی کے پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہے تھے ۔
پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
مذکورہ واقعہ کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے میں 27 افراد ہلاک ہوئے تھے جو سیکورٹی فورسزاہلکار تھے ۔
بیان میں کہا گیا کہ بس میں قوال فنکار بھی موجود تھے۔ مذکورہ فنکار ہمارے نشانے پر نہیں تھے، لیکن وہ فوج کے اہلکاروں کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ اس حوالے سے ہم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ قابض فوج سے محفوظ فاصلہ رکھا جائے تاکہ کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔