مستونگ سے اغوا کیے گئے 20 زیرِ تربیت پولیس اہلکار رہا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے گورگینہ سے اغوا کیے گئے 20 زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں کی رہائی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق تمام اہلکار خیریت سے اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں، تاہم ان کی رہائی کی باضابطہ سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اطلاعات کے مطابق 16 اکتوبر کو نامعلوم مسلح افراد نے گورگینہ کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران ایک مسافر وین کو روک کر اس میں سوار قلات ریکروٹ ٹریننگ سینٹر کے 20 زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اہلکار ہفتہ وار چھٹی پر اپنے گھروں کو جارہے تھے۔

مغوی اہلکاروں کا تعلق سابق لیویز فورس سے بتایا گیا تھا جنہیں موجودہ حکومت نے پولیس میں ضم کردیا تھا۔ واقعے کے بعد اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے مطالبات سامنے آئے تھے۔

انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مغوی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ کمیشن نے بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے بامعنی سیاسی مذاکرات پر زور دیا تھا۔

تاحال اہلکاروں کی رہائی اور اغوا کے واقعے سے متعلق سرکاری حکام کی جانب سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article