حکومت بلوچستان نے سوراب شہر پر بلوچ آزادی پسند عسکری تنظیم بلوچ لبریشن آرمی ( بی ایل اے) کے کنٹرول کی تصدیق کردی ہے۔
بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے اپنے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ سرمچاروں نے سوراب شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔جس میں بینک، لیویز تھانہ، اور پولیس تھانہ سمیت اہم سرکاری شامل ہیں اور کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ اور سوراب گدر روڈ پر بھی چیکنگ اور گشت جاری ہے۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر عسکریت پسندوں کا حملہ بزدلانہ ہے جو ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ سوراب بازار میں بینک لوٹ لیا گیا ہے ۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے ہیں۔حملے کے دوران اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی لڑتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی ہے ۔ جبکہ ڈی سی کے رہائشگاہ پر خواتین اور بچے بھی موجود تھے ۔
شاہد رند مزید کہا کہ ہندوستان کی پراکسیز نے انکی ایماء پر کارروائی کی ہے لیکن ریاست دشمن عناصر کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔