کراچی : عدالتی حکم پر تمام گرفتار مظاہرین رہا،پولیس نے سمی بلوچ کی رہائی روک دی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ سندھ کے مرکزی شہر کراچی سے گذشتہ روز پولیس و دیگر فورسز کے ہا تھوں گرفتار کئے گئے تما م مظاہرین کو عدالتی احکامات پررہا کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے سمی دین کی رہائی روک دی ہے ۔

بی وائی سی جانب سے کہا گیا کہ کراچی میں گرفتار تمام مظاہرین کو عدالتی احکامات کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔ تاہم عدالت کی جانب سے بی وائی سی سینٹرل کمیٹی کے رہنما سمی دین کی رہائی کے حکم کے باوجود پولیس نے عدالت کے مین گیٹ کو تالا لگا دیا ہے اور من گھڑت مقدمہ درج کرکے انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ عدالتی احکامات کی یہ صریح بے توقیری ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ ریاست اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی عدالتوں کی بھی پیروی نہیں کرتے۔ سمی دین کو مسلسل نشانہ بنانا بلوچ مزاحمت کو دبانے کی ایک اور کوشش ہے، لیکن جبر کے خلاف جدوجہد غیر متزلزل ہے۔

جبکہ سمی بلوچ نے عدالت کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ "ہماری ایک پرامن تحریک ہے ، ہم نے کبھی بھی قانون و آئین کو پائمال نہیں کیا ہے۔ جو اقدامات ہمارے خلاف اٹھائے جارہے ہیں یہ سب ان کے گلے میں پھندا ثابت ہونگے۔”

سمی دین بلوچ نے کہا کہ عدالتی حکم پر انہیں رہا کیا گیا ہے لیکن ان پر مزید جھوٹے و بوگس مقدمات قائم کرکے انہیں تھری ایم پی کے تحت گرفتار کیا جارہاہے ۔

Share This Article