چینی شہریوں کے تحفظ سے متعلق چینی سفیرکابیان سفارتی روایات کے برعکس ہے،پاکستان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان نے چین کے سفیر کی جانب سے اپنے شہریوں کے تحفظ سے متعلق بیان کو سفارتی روایات کے برعکس اور حیران کن قرار دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی نشریارتی ادارے وائس آف امریکہ کی سارہ زمان کے سوال پر کہا کہ پاکستانی قیادت نے چین کی اعلیٰ قیادت کو یقین دہانی کرا رکھی ہے کہ ان کے شہریوں اور منصوبوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر چینی شہریوں پر حملے افسوس ناک ہیں جس پر چینی عوام اور حکومت کی تشویش سے آگاہ ہیں۔ پاکستان نے چینی شہریوں پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات سے متعلق چینی حکام کو آگاہ رکھا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے ہی چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا تھا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی سی پیک کو آگے بڑھانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور چھ ماہ میں چینی شہریوں پر دو مہلک حملے ناقابلِ قبول ہیں۔

چینی سفیر کا یہ بیان مقامی ذرائع ابلاغ میں زیر بحث رہا اور ذرائع بتاتے ہیں کہ پاکستان کے حکومتی حلقوں میں چینی سفیر کے بیان پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے عوامی سطح پر تشویش کا اظہار معاملے کی حساسیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اعلٰی سطحی روابط کے باوجود بداعتمادی برقرار ہے۔

Share This Article
Leave a Comment