بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں کولواہ میں پاکستانی فوج پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے کیچ کے علاقے کولواہ میں قابض پاکستانی فوج کو مختلف حملوں میں نشانہ بنایا، ان حملوں میں ایک دشمن اہلکار ہلاک جبکہ ایک سرویلنس ڈرون تباہ ہوگیا۔
انہوںنے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے آج صبح کولواہ کے علاقے مرستان میں گھات لگاکر قابض پاکستانی فوج کے ایک قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا، جب وہ مذکورہ علاقے میں پیش قدمی کررہی تھی، دشمن فوج کی ایک بکتر بند گاڑی حملے کی زد میں آئی جس کو سرمچاروں نے راکٹ، اسنائپر و دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس دوران دشمن فوج نے سرویلنس ڈرون کا استعمال کیا، جس کو سرمچاروں نے نشانہ بناکر تباہ کردیا۔
دریں اثناء سرمچاروں کے ایک اور دستے نے مذکورہ مقام پر قائم دشمن فوج کے ایک چوکی پر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک اہلکار موقع پر ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کا آخر میں کہنا تھا کہ بلوچ لبریشن آرمی ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ قابض پاکستانی فوج کی بلوچستان سے مکمل انخلاء تک ہماری کارروائیاں جاری رہینگی۔