پاکستان کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے عدالتی اہلکار کے مطابق ’چیف جسٹس عامر فاروق سمیت 8 ججز کو مشکوک خطوط موصول ہوئے ہیں۔‘
عدالتی اہلکار کے مطابق ’ایک جج کے سٹاف نے خط کھولا تو اس کے اندر پاؤڈر موجود تھا۔‘
اسلام آباد پولیس کے ماہرین کی ایک ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی جبکہ اس بارے میں تحقیقات کا عمل جاری ہے کہ پاؤڈر کیا ہے؟
عدالتی اہلکار نے کہا کہ ’خط کے اندر ڈرانے دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے، ریشم نامی خاتون نے بغیر اپنا ایڈریس لکھے ججز کو خطوط بھیجے۔‘
عدالتی اہلکار نے بتایا کہ ’سٹاف نے خط کھولا تو اس کے اندر سفوف تھا اور خط کھولنے کے بعد آنکھوں میں جلن شروع ہو گئی۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’متاثرہ اہلکار نے فوری طور پر سینیٹائزر استعمال کیا اور منہ ہاتھ دھویا، خط میں موجود متن پر لفظ anthrax لکھا تھا۔‘
اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی پولیس کو طلب کرلیا۔
تاہم ججز کو ملنے والے مشکوک خطوط کو کاؤنٹر ٹیر ازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔