ایران میں دوہفتوں دوران 22 بلوچوں کو پھانسی دیدی گئی ،اقوام متحدہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ ایران نے اس سال خطرناک حد تک بڑی تعداد میں لوگوں کو سزائے موت دی ہے جہاں اوسطاً یہ تعداد ہر ہفتے 10 سے تجاوز کر گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ملک میں یکم جنوری سے اب تک کم از کم 209 افراد کو پھانسی دی گئی جن میں سے زیادہ تر کو بنیادی طور پر منشیات سے متعلق جرائم میں سزا دی گئی، لیکن اقوام متحدہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ سزائے موت پانے والوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

وولکر ترک نے کہا کہ ایران میں اس سال اب تک اوسطاً ہر ہفتے 10 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا جو اسے دنیا کے سب سے زیادہ سزا دینے والے ممالک میں سے ایک بنا دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شرح کے ساتھ ایران تشویشناک حد تک پچھلے سال کی ڈگر پر گامزن ہے جب مبینہ طور پر تقریباً 580 افراد کو سزائے موت دی گئی تھی۔

اقوام متحدہ نے کہا کہ صرف گزشتہ 14 دنوں میں کم از کم 45 افراد کو پھانسی دی گئی جن میں سے 22 بلوچ اقلیت سے تھے، زیادہ تر کو منشیات سے متعلق الزامات میں سزا دی گئی۔

وولکر ترک نے کہا کہ منشیات کے جرائم کے لیے سزائے موت کا نفاذ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اصولوں اور معیارات سے مطابقت نہیں رکھتا۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی کمیٹی کا واضح مؤقف ہے کہ ’انتہائی سنگین جرائم‘ جیسے عمداً قتل کے علاوہ کسی اور جرم کے لیے سزائے موت پر پابندی عائد ہے اور منشیات کے جرائم اس شدت پر پورا نہیں اترتے۔

Share This Article
Leave a Comment