بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں کیچ میں 6 موبائل فون ٹاوروں پر حملہ ومشینریزکو نذر آتش کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سرمچاروں نے کیچ کےعلاقے دشت میں پاکستان اور چینی کمپنیوں کے موبائل فون کے 6 ٹاوروں پر حملہ کرکے نذرآتش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پندرہ اپریل بروز ہفتہ بارہ بجے سرمچاروں نے دشت کمبیل، ڈیڑھ بجے جان محمد بازار، چار بجے پرنٹ بازار، اور ساڑھے چار زرین بُگ میں پاکستان کی موبائل فون کمپنی یوفون اور چینی کمپنی زونگ کے موبائل فون کے ٹاوروں پر حملہ کرکے ان کی تمام مشینری کو جلا دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسی طرح چودہ اپریل کو شام سات بجے دشت کسر میں چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) روٹ پر یوفون اور سنگئی بازار میں زونگ کمپنی کے ٹاوروں پر حملہ کرکے ساری مشینری کو نذرآتش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آزادی پسند جہدکاروں اور ہمدردوں کو ٹریس کرنے اور معلومات حاصل کرنے کے ساتھ اپنے جاسوس اور وہاں پر تعینات فوجیوں کی سہولت کیلئے موبائل فون کی ٹاوروں کا جال بچھا رہے ہیں۔
میجر گہرام بلوچ کا کہنا تھا کہ اسی طرح سی پیک روٹ کی تحفظ کیلئے وہاں موبائل فون کے ٹاور لگائے جا رہے ہیں اور ان منصوبوں کو بلوچ اور بلوچستان کی ترقی کا نام دیکر ہمارے وسائل کی لوٹ مار اور غلامی کو طول دینے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ یہ حملے بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے۔