پشاور میں مدرسے میں دھماکا، 7 افراد ہلاک ، 50زخمی

0
306

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مدرسے میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن منصور امان نے بتایا کہ دھماکا پشاور کی دیر کالونی میں واقع ایک مدرسے میں ہوا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں متعدد بچے زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کے بعد پولیس، ریسکیو حکام اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

تاہم فی الحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔

ادھر لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ دیر کالونی میں دھماکے کے بعد 7 لاشوں اور 50 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہیں جبکہ ہسپتال ڈائریکٹر محمد طارق برکی خود ایمرجنسی ٹیم کے ہمراہ ایمرجنسی میں موجود ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی خیبرپختونخوا میں دھماکے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

29 ستمبر کو خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے اندر 2 دھماکے ہوئے تھے جس میں مجموعی طور پر 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here