بھارت اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر کرونا کی وبا کی تشخیص کے لیے ایک ایسی ڈیوائس تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو صرف تیس سیکنڈز میں کرونا کی موجودگی کا پتا لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اسرائیلی اخبار’یروشلم پوسٹ’ کے مطابق انڈیا اور اسرائیل کے اشتراک سے تیار کی جانے والی یہ ڈیوائس آئندہ چند ایام میں بڑے پیمانے پر استعمال میں لائی جائے گی۔
بھارتی خبر رساں ادارے ‘پریس ٹریسٹ آف انڈیا’ کی رپورٹ کے مطابق یہ ڈیوائس Nanoscent ٹیکنالوجی کمپنی کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ یہ آلہ صرف 30 سیکنڈز میں کرونا کے مریض کا پتا چلانے کی صلاحیت کا حامل ہوگا جس کی مدد سے دونوں ملکوں میں کرونا کے مریضوں کی تشخیص میں غیرمعمولی مدد ملے گی۔ اس ڈیوائس کے ابتدائی تجرباتی استعمال کے 85 فی صد کامیاب نتائج سامنے آئے ہیں۔
بھارت میں اسرائیلی سفیر رون ملکا نے ‘پی ٹی آئی’ کو بتایا کہ آدھے منٹ میں کرونا کے مریضوں کی تصدیق کے لیے ڈیوائس کی تیاری اہم پیش رفت ہے۔ توقع ہے کہ چند ایام میں دونوں ممالک یہ ڈیوائس استعمال کرنا شروع کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیوائس نہ صرف اسرائیل اوربھارت بلکہ پوری دنیا کے لیے خوش خبری ہے۔ دو سے تین ہفتوں کے اندر اندر اس ڈیوائس کو استعمال میں لایا جائے گا۔