بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے آپسر بلوچی بازار سے 2 کم عمر نوجوانوں کی جبری گمشدگی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
اہلِ خانہ کے مطابق منور اختر ولد محمد اختر اور مراد امین ولد محمد امین کو گزشتہ شب سیکیورٹی فورسز نے گھروں پر چھاپہ مار کر حراست میں لیا۔
خاندان کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور اہلِ خانہ کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔
واقعے کے بعد سے دونوں نوجوانوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
اہلِ خانہ نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے، نوجوانوں کی فوری بازیابی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب پنجگور تار آفس کے رہائشی ضمیر ولد مرحوم ناصر کو گذشتہ شام مسلح گاڑی سواروں نے جبری طور پر لاپتہ کردیا۔
اہل خانہ نے انتظامیہ سے ضمیر کی باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔