کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے کوئٹہ پریس کلب میں ایک سیاسی تنظیم کی میڈیا ٹاک کے دوران پولیس کی بے جا مداخلت اور صحافیوں کو کوریج سے روکنے کے لیے ہراساں کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اس سلسلے میں سی پی این ای کے صدر اور سیکریٹری جنرل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پریس کلب سیاسی ، مذہبی ، سماجی ، کاروباری اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تنظیموں اور افراد کے بیانات کو بذریعہ پریس کانفرنس یا میڈیا ٹاک ذرائع ابلاغ تک پہنچانے کا پلیٹ فارم تسلیم کیا جاتا ہے ،جس میں سرکاری اداروں اور پولیس کے اہلکاروں کا داخل ہوکر صحافیوں کو کوریج سے روکنا آزادی صحافت اور اظہاررائے کی آزادی کے آئینی حق پر قدغن لگانا ایک مذموم اقدام ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقت اور آئی جی بلوچستان اس واقعے فوری نوٹس لے کر اس واقعے میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے بھی ملک میں آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کے حق کو تحفظ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔