پاکستان نے گبد ریمدان بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں، ایرانی حکام

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان گبد ریمدان بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں، تاہم مسافروں کی آمد و رفت جاری ہے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ایران کی روڈ مینٹیننس اینڈ ٹرانسپورٹیشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل حسین حسینی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے گبد ریمدان سرحدی گزرگاہ بند کر دی ہے ۔

حسینی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مسئلے کے حل اور سرحدری گزرگاہ دوبارہ کھولنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ پاک ایران بارڈر کی بندش عارضی ہے اور اس کا مقصد سکیورٹی خدشات کا ازالہ، سمگلنگ کی روک تھام اور سرحدی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات شاہد رند نے کہا ہے کہ سرحد کے دونوں اطراف سکیورٹی صورتحال اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے عارضی بندش ضروری تھی۔

شاہد رند کا مزید کہنا ہے کہ پاک ایران بارڈر سے متعلق انتظامی مسائل کے حل کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان مثبت پیش رفت جاری ہے اوراس تناظر میں سرحد جلد کھلنے کا امکان ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article