بلوچستان کے ضلع سبی کے قریب گلو شیر میں بدھ کی شام مسلح افراد نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے پولیس تھانے اور متعدد سرکاری عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران فائرنگ کافی دیر تک جاری رہی، جس کے بعد حملہ آوروں نے علاقے پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گلو شیر کے پولیس تھانے میں موجود تمام اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے تھانے سے اسلحہ اور دیگر سرکاری سامان بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
تھانے پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد مسلح افراد نے دو مرکزی شاہراہوں لونی روڈ اور ناڑی گاج روڈ پر ناکہ بندی قائم کردی ہے، جہاں گاڑیوں کی اسنیپ چیکنگ جاری ہے۔
جبکہ لونی اور گلو شیروں کے مختلف مقامات پر بھی مسلح افراد کو گشت کرتے دیکھا گیا ہے۔
دریں اثنا مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے مبینہ طور پر سبی کے اروند علاقے میں بھی ایک لیویز سٹیشن کا کنٹرول سنبھال کر اہلکاروں کو حراست میں لیا اور اسلحہ اور ساز و سامان قبضے میں لے لیا۔
اس کے علاوہ، علاقے میں پیش قدمی کرنے والی فرنٹیئر کور کی گاڑی کو ایک آئی ای ڈی سے ٹکرایا گیا، جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر سوار اہلکاروں میں ہلاکتیں ہوئیں۔
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث صورتحال کے بارے میں مزید تفصیلات تاحال واضح نہیں ہیں۔