بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں غیرت کے نام پر ایک خاتون کو قتل کردیا گیا جبکہ ڈھاڈر میں ٹریفک حادثے میں بچے سمیت 3 افراد ہلاک اور2 زخمی ہوگئے۔
نصیرآباد میں شوہر نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو قتل کر دیا ۔
پولیس کے مطابق نصیرآباد کے علاقے پولیس تھانہ منگولی کی حدود گوٹھ سید اختر شاہ میں شوہر محبوب علی کٹوہر مگسی نے مبینہ طورپر سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کرکے اپنی 23 سالہ بیوی مسماتہ مختیارہ بی بی کو قتل کردیااور موقع واردات سے فرار ہوگئے ۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
منگولی پولیس نے شوہر محبوب مگسی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کی کوشیش تیز کردی گئی ہے ۔
دوسری جانب ڈھاڈر میں مشرقی بائی پاس پر موڑ کاٹتے ہوئے مزدا گاڑی اور پک اپ اور موٹر سائیکل میں تصادم کے حادثے میں بچے سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔
واقعہ اتوار کی صبح تقریبا 11 بجے کے قریب ڈھاڈر مشرقی بائی پاس پر پیش آیاجہاں کوئٹہ سے آنے والے مزدا کا مخالف سمت جانے والی پک اپ(ڈاٹسن) کے ساتھ موڑ کاٹتے ہوئے خوفناک حادثہ ہوا ۔
حادثے میں موٹر سائیکل سوار2 افراد بھی زد میں آئے۔
واقعے کے بعد مقامی افراد اور پولیس نے نو سالہ ہلاک بچہ محمد عثمان ولد ہمت خان ساتکزئی اور دیگر شدید زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈھاڈر طبی علاج کیلئے منتقل کردیا جہاں دوران علاج قادر بخش ولد دین محمد سکنہ کلی پنجپائی کوئٹہ دم توڑ گئے جبکہ مزید علاج کیلئے کوئٹہ لے جانے والے موٹر سائیکل سوار عبدالمجید ولد عبدالحمید سکنہ الہ آباد سبی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
حادثے میں دیگر زخمیوں میں شوکت علی ولد احمد خان مگسی سکنہ سبی اور ہمت خان ولد محمد عثمان ساتکزئی سکنہ تیرہ میل کوئٹہ شامل تھے ۔
ہلاک افراد کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا جبکہ دیگر دو زخمیوں کو مزید علاج و معالجے کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔