پاکستان کے متعدد ٹی وی چینلز ہیک، فوج مخالف مواد نشر

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے کئی نجی ٹی وی چینلز اتوار کی شام ہیکنگ حملے کا نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں نشریات میں رکاوٹ پیدا ہوئی اور اسکرین پر فوج مخالف پیغامات نشر کیے گئے۔ متاثرہ چینلز میں جیو نیوز، اے آر وائی اور دیگر نیوز و اسپورٹس چینلز شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے نشریات کے دوران اسکرین کو جام کرکے اس تک رسائی حاصل کی اور ایک پیغام نشر کیا جس میں پاکستانی فوج کے خلاف اشتعال انگیز جملے شامل تھے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اسکرین شاٹس میں ایک پیغام فوج مخالف تھا جبکہ دیگر میں اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کا حوالہ بھی موجود تھا۔

ہیکرز کی جانب سے نشر کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ “پاکستانی فوج تباہی کے پیچھے ہے، عوام فوج کے خلاف کھڑے ہوں۔”

ہیکنگ کے دوران متعدد چینلز کی نشریات کچھ وقت کے لیے مکمل طور پر بند بھی ہو گئیں۔

جیو نیوز نے واقعے پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے چینل کی نشریات میں رکاوٹ ڈالنے اور اسکرین کو ہیک کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔ اتوار کی شام اسکرین کو ہیک کرکے "نامناسب” پیغام نشر کیا گیا، جس کا چینل سے کوئی تعلق نہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جیو نیوز کی نشریات کو مسلسل رکاوٹ کا سامنا ہے اور ہیکرز کی جانب سے نشر کیے گئے پیغامات چینل کی پالیسی یا ادارتی لائن کی نمائندگی نہیں کرتے۔

جیو نیوز اور دیگر متاثرہ اداروں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، سائبر حملے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق کارروائی کے لیے کٹہرے میں لایا جائے۔

Share This Article