قلات شہر میں نشہ آور گولیوں کی کھلے عام فروخت تشویشناک ہے، بی ایس او

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بی ایس او قلات زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ قلات شہر میں ٹراماڈول جیسی نشہ آور گولیوں کی کھلے عام فروخت تشویشناک ہے۔ یہ مہلک نشہ نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی اور سماجی زندگی کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے، جس کے سنگین نتائج پورے معاشرے کو بھگتنا پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ قلات کے مختلف میڈیکل اسٹورز پر ٹراماڈول جیسی خطرناک ادویات بغیر کسی نسخے کے آسانی سے دستیاب ہیں، جو براہِ راست نوجوان نسل کو نشے کی دلدل میں دھکیلنے کا سبب بن رہی ہیں۔ یہ عمل نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ ایک مجرمانہ غفلت بھی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بی ایس او قلات زون قلات کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی کریں جو نشہ آور ادویات کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ہیں۔ ساتھ ہی ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی جرأت نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم والدین، اساتذہ اور باشعور شہریوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ناسور کے خلاف آواز بلند کریں اور نوجوانوں کو اس جان لیوا نشے سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔بی ایس او قلات زون اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ نوجوانوں کے روشن مستقبل، صحت مند معاشرے اور نشے سے پاک قلات کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

Share This Article