بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 2 بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جانی نقصانات صوبے کے تین اضلاع موسی خیل، نصیر آباد اور جعفر آباد میں ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں موسی خیل میں ایک شخص جبکہ نصیر آباد میں 2 بچے ہلاک ہوئے۔ ایک اور افسوسناک واقعہ ضلع جعفر آباد میں پیش آیا جہاں طوفانی ہواں کے باعث دیوار گرنے سے ایک شخص ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے دیگر متاثرہ علاقوں میں بارشوں سے ہونے والے مالی نقصانات اور فصلوں کی تباہی کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ متاثرین کی بروقت امداد کی جاسکے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔