تمپ حملے میں 9 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق،لاشیں تربت منتقل

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تمپ کے علاقے گومازی میں آج بروزہفتہ علی الصبح پاکستانی فوج کے قافلے پر ہونے والے مہلک حملے میں 9 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ، لاشیں تربت منتقل کردی گئیں۔

مقامی ذرائع کاکہنا ہے کہ حملہ آج بروزہفتہ علی الصبح تقریباً چار بجے ہوا۔ جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 9 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک اہلکاروں کی لاشیں   پہلے ایف سی کیمپ تمپ منتقل کی گئیں، جہاں سے انہیں فضائی ذریعے سے تربت شہر پہنچایا گیا۔

حملے کے بعدسیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ آور قافلے کے راستے میں انتہائی قریب سے مورچہ زن تھے، اور جیسے ہی قافلہ مذکورہ مقام پر پہنچا، اس پر شدید فائرنگ شروع کر دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں قافلے میں شامل 6 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

Share This Article