بلوچستان کے علاقے واشک میں دوتیل بردار گاڑیوں میں تصادم سے 5 افراد جھلس کر جان کی بازی ہار گئے ۔جبکہ لورالائی میں ٹریفک حادثے میں دو سگے بھائی ہلاک اور چمن میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص وفات پا گیا ۔
ضلع واشک میں دو تیل بردار گاڑیوں کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
حادثہ واشک کے نواحی علاقے میں پیش آیا جہاں تصادم کے فوراً بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔
مقامی ذرائع کے مطابق تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑیوں میں لدا تیل آگ کی لپیٹ میں آ گیا جس کے باعث دونوں گاڑیاں مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئیں۔
آگ لگنے کے بعد موقع پر موجود افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی کوشش کی تاہم فائر بریگیڈ اور آگ بجھانے کی مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث آگ پر بروقت قابو نہ پایا جا سکا جس سے جانی و مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو ریسکیو اہلکاروں اور مقامی لوگوں کی مدد سے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بعض لاشیں مکمل طور پر جل چکی تھیں، ہلاک افراد کا تعلق واشک اور نوشکی سے ہے۔
مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہوں پر ایمرجنسی رسپانس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو سہولیات کو مؤثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب لورالائی کے علاقے میختر میں سیہنڑ پل کے قریب سانڈہ موڑ پر تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں مزدوری سے واپس گھر لوٹنے والے 2 بھائی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ریسکیو ٹیموں نے لاشیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
پولیس نے کار کو تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
دریں اثنا چمن میں ایف سی قلعہ کے قریب ایک شخص بجلی کے ہائی ٹینشن کھمبے پر چڑھنے کے دوران کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی بائی پاس پولیس کی ٹیم حکام کی سربراہی میں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بجلی کی سپلائی منقطع کرنے کے بعد لاش کو احتیاط سے نیچے اتار کر سول اسپتال چمن منتقل کیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر خودکشی ہوسکتی ہے۔