تربت: مکران میڈیکل کالج طلبا کا جاری احتجاج مذاکرات بعد مشروط طور پر موخر

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں مکران میڈیکل کالج کے طلبا گزشتہ 16 روز سے اپنے بنیادی تعلیمی حقوق کے لیے پرامن احتجاج جاری رکھے ہوئے تھے۔ بدھ کے روز، 24 دسمبر 2025 کو پاکستان میڈیکل ایسوسیشن (PMA) کے اراکین اور مکران میڈیکل کالج اسٹوڈنٹس الائنس کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔

مذاکرات کے دوران پی ایم اے کی جانب سے طلبا کو یقین دہانی کرائی گئی، جس کے بعد طلبا نے اپنے احتجاجی کیمپ کو آئندہ سات روز کے لیے مؤخر (Postponed) کرنے کا اعلان کیا۔

مذاکراتی ٹیم اور طلبا کے مابین طے پایا کہ اگر مقررہ مدت کے دوران مطالبات پر عملی پیش رفت نہ ہوئی یا بروقت حل فراہم نہ کیا گیا تو طلبا کو احتجاج دوبارہ شروع کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے تعین کا مکمل حق حاصل ہوگا۔

طلبا کمیٹی کی جانب سے مذاکرات میں درج ذیل مطالبات پیش کیے گئے:

1۔ طلبا کا پہلا اور بنیادی مطالبہ، جس میں چار طلبا کے تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے، اس پر فوری اور مثبت پیش رفت کی جائے گی۔ انتظامیہ اور مذاکراتی ٹیم سات روزہ مدت میں تمام تر اختیارات اور صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے اس مسئلے کے حل کی کوشش کرے گی اور طلبا کو پیش رفت سے باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔
2۔ طلبا کے ضمنی اور ثانوی (Secondary) مسائل کے حل کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں پی ایم اے کے اراکین، کلینیکل اسٹاف کے شعبہ جاتی سربراہان (HODs) اور طلبا نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی باہمی مذاکرات (Table Talk) کے ذریعے مسائل اور سفارشات کو کالج انتظامیہ کے سامنے رکھ کر ان کے حل کو یقینی بنائے گی۔
3۔ چونکہ یہ احتجاج طلبا کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ادارے کی بہتری کے لیے کیا گیا، اس لیے احتجاج میں شامل کسی بھی طالب علم کے خلاف کسی قسم کی ذاتی یا تادیبی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

یہ تحریری معاہدہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی مذاکراتی ٹیم اور مکران میڈیکل کالج اسٹوڈنٹس الائنس کے درمیان طے پایا تاکہ مذاکرات کو باضابطہ اور تحریری شکل میں محفوظ کیا جا سکے۔

معاہدے پر پی ایم اے کی جانب سے ڈاکٹر محمد حیات (YDA)، ڈاکٹر میران دشتی (صدر PMA)، ڈاکٹر ظفر (HOD میڈیسن)، ڈاکٹر چاکر کاشانی (HOD آئی)، ڈاکٹر پیر جان، ڈاکٹر ایوب اور ڈاکٹر یاسمین (HOD گائنی) سمیت دیگر ڈاکٹروں نے دستخط کیے۔

جبکہ طلبا کمیٹی کی جانب سے مکران میڈیکل کالج اسٹوڈنٹس الائنس کے نمائندگان محمد عباس، راشد حمید، شے مرید، کاشف اور سمران خلیل نے دستخط ثبت کیے۔

Share This Article