پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے جانے والے ایک آپریشن میں 12 مسلح افراد مارے گئے ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ روز فوجی ترجمان نے ڈیرہ بگٹی میں مبینہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ا س نے مارے گئے افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی کا بھی دعویٰ کیا تھالیکن ان کی اصل شناخت حسب روایت ظاہر نہیں کی ۔
فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چھ دسمبر کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک آپریشن کیا۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ آپریشن کے دوران، سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 12 عسکریت پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، مارے جانے والے افراد ’علاقے میں عسکریت پسندی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے‘ اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔