بھوپال گیس سانحہ: گوادر میں قومی یوم ِآلودگی منایاگیا

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں گوادر لرنینگ سرکل (GLC) اور کمیونیٹی سروسز نے گذشتہ روز بھوپال گیس سانحہ کی یاد میں قومی یومِ انسدادِ آلودگی (National Pollution Control Day) انتہائی سنجیدگی، سماجی شعور اور ماحول دوست ذمہ داری کے ساتھ منایا۔

اس موقع پر GLC کے رضاکاروں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ساحلی ماحول کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے۔

مہم کے دوران رضاکاروں نے ساحلِ گوادر سے گیارہ بڑے پلاسٹک بیگ گندگی، کچرے اور پلاسٹک ویسٹ سے بھرے جبکہ سینکڑوں شراب کی خالی شیشے کی بوتلیں بھی جمع کیں جو شہریوں، سیاحوں اور سمندری حیات کے لیے ایک مستقل خطرہ بنی ہوئی تھیں۔

گزشتہ اتوار کی مہم کو ادارہ تحفظ ماحول بلوچستان کی جانب سے سراہا گیا۔ اتوار GLC کے تحت شروع ہونے والی صفائی مہم نے عوام اور اداروں دونوں کی جانب سے بےحد پذیرائی حاصل کی۔

اس موقع پر ادارہ تحفظ ماحول بلوچستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے ایک تفصیلی اور حوصلہ افزا تحریر جاری کی جس میں GLC کی خدمات کو “خدمت کی اعلیٰ مثال” قرار دیا گیا۔

انہوں نے اپنی تحریر “پدی زر کا تحفظ—GLC کے رضاکار خدمت کی بہترین مثال” میں لکھا:

پدی زر اور میرین ڈرائیو بڑھتی ہوئی گندگی اور ماحولیات سے لاعلمی کا شکار ہیں۔GLC کی اتوار کی مہم، جس کی قیادت فیض محمد رفیق نے کی، میں رضاکاروں نے سینکڑوں بوتلیں اور دس بڑے تھیلے کچرا جمع کیا۔
یہ سرگرمی صرف صفائی نہیں بلکہ ذمہ داری، اتحاد اور مثبت سماجی کردار کا پیغام تھی۔

انہوں نے شیشے کی بوتلوں کے خطرات اور ساحلی ماحول پر ان کے تباہ کن اثرات کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام، سول سوسائٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشترکہ کوششوں کی تلقین کی۔

پولیس سے اپیل کی گئی کہ ساحل پر شراب نوشی اور بوتلوں کی بےاحتیاطانہ تلفی کے خلاف کارروائی کی جائے۔GLC ان قیمتی مشوروں اور ادارہ جاتی اعتراف پر ادارہ تحفظ ماحول بلوچستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہے۔

GLC کے سربراہ فیض محمد رفیق نے کہاکہ“بھوپال سانحہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آلودگی صرف ماحولیاتی نہیں بلکہ انسانی زندگی کا سوال ہے۔ آج کی صفائی مہم ہو یا پچھلے اتوار کی کوشش—ہماری ہر کاوش گوادر کے لیے ہے۔ اصل تبدیلی تب آتی ہے جب ہر شہری اپنی ذمہ داری کو پہچانے اور شکایت کے بجائے عمل کی طرف قدم بڑھائے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ GLC ہر اتوار باقاعدگی سے صفائی مہم جاری رکھے گا اور اس میں ساحل کے ساتھ ساتھ شہر کی گلیاں بھی شامل ہوں گی۔

GLC نے عوام سے درخواست کی کہ اپنے کچرے کو مناسب جگہ پر پھینکیں۔ساحل پر بوتلیں، ریپرز اور پلاسٹک چھوڑنے سے مکمل گریز کریں۔ماحول دوست رویّے اپنائیں۔شہر اور ساحل کے تحفظ کے لیے کمیونٹی سروسز کا حصہ بنیں۔ان کا کہنا تھا کہ GLC کا مقصد ایک صاف، صحت مند، محفوظ اور پائیدار گوادر کی تعمیر ہے—جہاں ذمہ داری ہر شہری کا طرزِ عمل ہو۔

Share This Article