بلوچستان میں چیک پوسٹوں پر فورسزاہلکاروں کے رویے اور بھتہ خوری پر ٹر انسپورٹرز سراپا احتجاج

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ٹرانسپورٹ یونین ضلع ژوب اور بلوچستان گڈز ٹرانسپورٹ یونین نے ڈیرہ اسماعیل خان تا ژوب روٹ پر واقع پولیس چیک پوسٹوں پر مسافروں اور ڈرائیوروں کے ساتھ ہونے والی مبینہ ہراسانی، تذلیل آمیز رویے اور ناجائز وصولیوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

یونین کے مطابق مغل کوٹ، درازندہ، امن میلہ اور دیگر چیک پوسٹوں پر پولیس اہلکار مسافر گاڑیوں خصوصا لوڈنگ گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر طویل وقت تک روکتے ہیں، ڈرائیوروں سے نامناسب گفتگو کرتے ہیں اور مبینہ طور پر بھتہ طلب کیا جاتا ہے۔ جس سے ٹرانسپورٹ برادری شدید پریشانی کا شکار ہے۔

یونین کے رہنمائوں نے کہا کہ غیر ضروری رکاوٹیں، ہراسانی اور مالی بوجھ نہ صرف ڈرائیوروں کے روزگار کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ عام عوام کے لیے سفر بھی مشکل اور مہنگا بنتا جا رہا ہے۔

ٹرانسپورٹ یونین ژوب نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ چیک پوسٹوں پر اہلکاروں کے رویے کی انکوائری کی جائے، غیر قانونی بھتہ خوری کا خاتمہ کیا جائے، اور مسافروں و ڈرائیوروں کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ چیک پوسٹوں پر شکایتی رجسٹر یا ہیلپ لائن نمبر نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ افراد اپنی شکایات براہِ راست اعلی حکام تک پہنچا سکیں۔

ٹرانسپورٹ یونین نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان اس اہم عوامی مسئلے پر فوری ایکشن لیں گے اور ٹرانسپورٹ برادری کو درپیش مسائل کا مستقل حل یقینی بنایا جائے گا۔

Share This Article