پنجگور: دی اوئیسس اکیڈمی کے کتب میلہ میں 9 لاکھ روپے سے زائد کی کتابیں فروخت

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے پنجگور میں دی اوئیسس اکیڈمی کے زیرِ اہتمام دو روزہ کتب میلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔

میلے میں مرد و خواتین طلباء و طالبات سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی، جبکہ منتظمین کے مطابق دو روز کے دوران 9 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی کتابیں فروخت ہوئیں۔

کتب میلے کا پہلا سیشن مرد حضرات کے لیے اور دوسرا خواتین کے لیے مختص تھا۔ منتظمین کے مطابق خواتین نے مردوں کے مقابلے میں کتابوں کی خریداری میں زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کیا، اور دوسرے سیشن میں ہزاروں کتابیں فروخت ہوئیں۔

میلے میں مختلف علمی، سماجی اور مذہبی موضوعات پر مشتمل کتابوں کے اسٹالز لگائے گئے تھے، جبکہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے مثالی نظم و ضبط دیکھنے میں آیا۔

تقریب میں پنجگور کے جید علمائے کرام، تعلیمی و سماجی شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کہا کہ کتاب انسان کو درست سمت عطا کرتی ہے، لہٰذا نوجوانوں کو علم و مطالعہ سے اپنی وابستگی کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔

دی اوئیسس اکیڈمی کے ڈائریکٹر سر نظر علی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہر سال کتب میلہ منعقد کر کے نوجوانوں میں علم و کتاب سے وابستگی کے رجحان کو فروغ دینے کی روایت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے، اور اس سے جڑنے والا طالب علم نہ صرف نصابی سرگرمیوں میں بہتر ہوتا ہے بلکہ اپنی علمی و فکری صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

میلے کے دوران تقریباً 2000 کتابیں مختلف موضوعات پر فروخت ہوئیں، اور شرکاء نے اس تعلیمی سرگرمی کو علاقے میں مثبت تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

Share This Article