منگچر میں بجلی وپانی بحران کیخلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج، مرکزی شاہراہ بلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع قلات کے تحصیل منگچر میں طویل دورانیے کی بجلی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ۔

بجلی کی طویل بندش کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ شاہراہ کی بندش کے سبب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ منگچر فیڈر سے گزشتہ کئی دنوں سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے جس کے نتیجے میں گھروں میں پانی ناپید ہو چکا ہے اور روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے وعدے اور یقین دہانیاں تو کی جاتی ہیں، مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

بعد ازاں  انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد شاہراہ کو بحال کر دیا گیا تھا تاہم مظاہرین کے مطابق انتظامیہ نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ بجلی کی صورتحال میں بہتری لائی جائے گی، لیکن یہ محض "جھوٹی تسلی” ثابت ہوئی۔

علاقہ مکینوں نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر خالق آباد منگچر فیڈرز پر بجلی بحال کی جائے، ورنہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Share This Article