مغربی بلوچستان میں بدھ کے روزدو الگ الگ حملوں میں خواتین بسیج فورس کی ایک کمانڈر اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں ۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ضلع مہرستان میں مسلح افراد نے پولیس کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے تبادلے میں سارجنٹ فرسٹ کلاس محمد علی شہریاری زخمی ہوئے جو بعد ازاں حملوں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
سرحدی شہر مہرستان میں خواتین بسیج فورس ’شہید افضل‘ کی کمانڈر افسانہ عقیلہ کو ان کے گھر کے سامنے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
افسانہ عقیلہ کی ہلاکت کے بعد حالیہ حملوں میں ہلاک ہونے والی بسیج اور پولیس فورس کی خواتین اہلکاروں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
اس سے قبل آٹھ اکتوبر کو مغربی بلوچستان پولیس کمانڈ کی نائب ڈائریکٹر نصرت افتخاری زاہدان کے علاقے چشمہ زیارت روڈ پر سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔
حالیہ ہفتوں میں مغربی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلح جھڑپوں، پولیس چوکیوں پر حملوں اور گشتی گاڑیوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔