مند و پنجگور میں جبری لاپتہ 2 کم عمر لڑکوں سمیت 3 کی بازیابی کا مطالبہ ، ایک کی لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے مند اور پنجگور میں جبری لاپتہ کئے گئے 2 کم عمر لڑکوں سمیت 3 افراد کے لواحقین نے ان کی بازیابی مطالبہ کیا ہے ۔

ضلع تمپ گومازی سے تعلق رکھنے والے خواتین نے 12 سالہ کمبر ولد نظر اور زبیر ولد داد کریم کی بازیابی کے لیے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

اہلِ خانہ نے کہا کہ ان کے تین بچے 3 ستمبر 2026 کو موٹرسائیکل پر سوار مند آزیان سے جا رہے تھے کہ انہیں مین روڈ پر سیکیورٹی فورسز نے اغوا کرکے لاپتہ کر دیا ۔

انہوں نے کہا کہ تین روز قبل ان میں سے 14 سالہ حسین ولد جمعہ کی لاش مند میں پھینکی گئی تھی جب کہ ان کے دو دیگر بچے تاحال لاپتہ ہیں اور انہیں اپنے بچوں کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔

اہلِ خانہ نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے بچوں کو کس حالت میں رکھا گیا ہے۔

انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بچوں کی بازیابی اور ان کی خیریت سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے تعاون کیا جائے۔

انہوں نے اپیل کی کہ اگر ان کے بچوں پر کوئی الزام ہے یا انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ اگر عدالت میں ان پر جرم ثابت ہو جائے تو انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے انہیں عدالتی فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

اہلِ خانہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے دونوں بچوں کو بحفاظت بازیاب کرا کے انہیں خاندان کے حوالے کیا جائے۔

دوسری جانب پنجگور کے حاجی زاہد ،خاران کے علاقے حرماگی سے لاپتہ ہونے والے شخص کی بازیابی کے لئے اہلِ خانہ اپیل کی ہے۔

پنجگور سے تعلق رکھنے والے حاجی زاہد ولد حاجی موسیٰ 6 اکتوبر کو شام ساڑھے چار بجے خاران کے علاقے حرماگی میں اپنی زمینوں پر موجود تھے کہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار انہیں اپنے ہمراہ لے گئے۔

واقعے کو 8 روز گزرنے کے باوجود حاجی زاہد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی، جس کے باعث ان کے اہل خانہ شدید پریشانی اور کرب میں مبتلا ہیں۔

اہل خانہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپیل کی ہے کہ حاجی زاہد جس کسی کے پاس بھی ہیں، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے یا کم از کم ان کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے ان کی خیریت اور موجودگی کے بارے میں آگاہ کیا جائے تاکہ خاندان کی بے چینی میں کمی آسکے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article