وی بی ایم پی کے جاری احتجاجی کیمپ میں لاپتہ ریاض ساتکزئی کے والد کی شرکت

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6389ویں روز بھی جاری رہا۔

اس موقع پر 6 مئی کو ڈیگاری کراس ایف سی چیک پوسٹ سے جبری لاپتہ ہونے والے محمد ریاض ساتکزئی کے والد خان محمد نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے اپنے بیٹے کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

خان محمد نے بتایا کہ کمیشن کے احکامات پر متعلقہ پولیس تھانے اور اعلیٰ حکام نے ان کے بیٹے کی جبری گمشدگی کے حوالے سے ان کے بیانات ریکارڈ کیے، تاہم اس کے باوجود تاحال نہ ان کے بیٹے کی گرفتاری کی وجوہات بتائی جا رہی ہیں اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس صورتِ حال کے باعث ان کا خاندان شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان کے بیٹے کی باحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محمد ریاض ساتکزئی سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔ اگر کسی لاپتہ شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے اور ان کے اہلِ خانہ کو طویل انتظار، کرب اور ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article