بلوچستان کے ضلع کچھی کے تحصیل بھاگ پر نامعلوم مسلح افراد نے دھاوابول کرپورے علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ۔
آمدہ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کے ساتھ جھڑپ کے دوران پولیس ایس ایچ اوہلاک ہوگیا جبکہ مسلح افراد نے کئی سرکاری عمارتوں کو نذرآتش کردیا۔
کچھی سے سنگر نیوز ڈیسک کو ملنے والے تازہ ترین ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پورا علاقہ مسلح افراد کے زیر کنٹرول ہے اور مذکورہ مسلح گروہ کے بارے میں شبہ کیا جارہا ہے کہ ان کا تعلق بلوچ عسکریت پسند تنظیموں سے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھاگ ناری کے ایس ایچ او انسپکٹر لطف علی کھوسہ جھڑپ کے دوران مارے گئے۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے ضلع کچھی کی تحصیل بھاگ ناری کے کچھ حصوں پر قبضہ کر نے کے بعد کئی سرکاری دفاتر جن میں نادرا آفس، اور مقامی لیویز اور پولیس سٹیشنز پر قبضہ کر لیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں۔
علاقہ مکین دعویٰ کر رہے ہیں کہ شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازی سنی جارہی ہیں اور علاقہ تاحال مسلح گروپ کے کنٹرول میں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے قصبے میں داخل ہونے سے پہلے پولیس سٹیشن کو آگ لگا دی اور ایک بینک، تحصیل آفس اور نادرا آفس کو نذر آتش کر دیا۔
اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب اب تک اس حوالے سے سیکورٹی اور حکومتی حکام کا موقف سامنے نہیں آیا۔