لاپرواہ ڈرائیونگ اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے خلاف مین شاہراہ بلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں آئے روز ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے خلاف اور انصاف کے حصول کے لئے ضلع کیچ کے حدود میں تربت و گوادر ٹو کوئٹہ شاہراہ علاقہ کیساک کراس موڑ پر متاثرہ خاندانوں جن میں خواتین ، مرداور بچے شامل ہیں نے دھرنا دے دیا ہے جس سے دونوں جانب ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ تیل بردار زمیاد گاڑیوں کی تیز رفتاری اور ناتجربہ کار ڈرائیوروں کی وجہ سے انکے اہلِخانہ کے تین قیمتی افراد افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوچکا ہے۔ جن میں شاہجان ولد رحیم بخش، جو مکران میڈیکل کالج تربت کے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تھے نعیم ولد نبی بخش سکنان ہیرونک اور بہادر ولد ہاشم سکنہ شاپک ہلاک اور ساتھی ڈاکٹر شبیر ولد میران زخمی مشامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ تیل کے کاروبار کے خلاف نہیں، بلکہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ڈرائیوروں کو ڈرائیونگ کا بنیادی شعور دیا جائے۔ ان گاڑیوں کی خطرناک ڈرائیونگ نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور اب تک متعدد افراد کو ہلاک اور زخمی کرچکی ہے۔

مظاہرین نے تمام متاثرہ خاندانوں سے اپیل کی کہ وہ اس احتجاج کے ذریعے اپنی آواز بلند کریں۔

احتجاج میں شریک مرد و خواتین کا کہنا تھا کہ وہ کئی بار تربت انتظامیہ اور ٹریفک حکام کو شکایات درج کرا چکے ہیں مگر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تیل بردار زمیاد گاڑیوں کے روٹ میں فوری تبدیلی کی جائے تاکہ شہریوں کی جانیں محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کو مزید وسعت دیں گے۔

Share This Article