تربت و ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے تربت اور ڈیرہ بگٹی میں گذشتہ روزفائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 4افراد ہلاک ہوگئے۔

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے سنگانی سر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ریاستی حمایت یافتہ مسلح گروہ، جسے مقامی طور پر “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے، سے تھا۔ یہ گروہ پاکستانی فورسز کی پشت پناہی میں علاقے میں سرگرم ہے۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت اکرام زامرانی اور شئے مرید ولد محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔

اکرام زامرانی تربت کے بی انڈار کالونی میں آئی آئی کے دفتر کے سامنے رہائش پذیر تھا، جبکہ شئے مرید آبسر کے رہائشی تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے ہدف بناتے ہوئے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور دونوں لاشیں ضروری کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیں۔

تاحال کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کے قریب بگٹی اور چاچڑ قبائل کے درمیان مسلح تصادم 2 افراد ہلاک ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے قریب کشمور شاہی واہ کے مقام پر بگٹی اور چاچڑ قبائل کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے چاچڑ قبیلے کے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

واقعہ دونوں قبائل کے درمیان پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے ۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشیں قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں اور مزید کارروائی شروع کردی۔

Share This Article