بلوچستان اسمبلی کی جانب سے لیویز فورس کو ختم کر کے پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کے خلاف تربت میں ہفتے کے روز لیویز اہلکاروں نے احتجاجی ریلی نکالی اور شہید فدا چوک پر مظاہرہ کیا۔
ریلی میں لیویز فورس کے بڑی تعداد میں اہلکار شریک تھے جنہوں نے "لیویز زندہ باد” اور "انضمام نامنظور” کے نعرے لگاتے ہوئے فیصلے کی مخالفت کی۔
مظاہرین نے کہا کہ لیویز فورس بلوچستان کی ایک مقامی اور تاریخی فورس ہے جس نے امن و امان کی بحالی، جرائم کے خاتمے اور مقامی تنازعات کے حل میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
لیویز اہلکاروں نے اپنے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورس کو پولیس میں ضم کرنا بلوچستان کے عوام کے اعتماد اور مقامی نظامِ امن کے خلاف سازش ہے۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لیویز فورس کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے اختیارات میں مزید اضافہ کرے، تاکہ صوبے میں امن و انصاف کے نظام کو مضبوط کیا جا سکے۔