بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے یک مچھ میں نامعلوم مسلح افراد نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کی عمارت کو بارودی مواد سے اڑا دیا ہے، جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ آج صبح تقریباً ساڑھے چار بجے پیش آیا جب مسلح افراد نے پولیس تھانے کو اپنی تحویل میں لے کر وہاں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا اور ریموٹ کنٹرول یا ٹائمر کے ذریعے دھماکہ کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی کی زخمی یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
تھانے پر حملے کے بعد یک مچھ بازار میں سکیورٹی کی غرض سے نصب متعدد کیمروں کو بھی مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے، تاہم ضلع چاغی کے اس خطے میں بلوچ آزادی پسند مسلح قوتیں سرگرم عمل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اس پٹی پر کوئٹہ تفتان تجارتی شاہراہ پر عسکری و تجارتی نقل و حرکت کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔