بلوچستان کے علاقے تمبو اور کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مستونگ سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔
سب تحصیل تمبو کے علاقے بھر دف میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بنگل خان کلوانی مری کے نام سے ہوئی ہے۔
نعش کو ضروری کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال کوہلو منتقل کر دیا گیا ہے۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عدنان ولد رشید احمد زہری نامی ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔
واقعہ کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا۔
فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
دریں اثنا مستونگ ولی خان لیویز تھانہ کے قریب جنگل کراس کےمقام سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
لاش کو شناخت کیلئے شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق لاش ایک نشہ کے عادی شخص کی ہے جو منشیات کے اڈوں میں واقعہ ہوئی ہے اور لاش کو لاکر روڈ کنارے چھوڑ دیا گیا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ ولی خان تھانہ کے عقب و حدود میں بدنام زمانہ منشیات کے اڈے قائم ہیں مگر کسی میں اتنا جرات ہمت اور طاقت نہیں ہے کہ ان اڈوں کا خاتمہ کرسکے۔ آئے روز ان اڈوں میں مستونگ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین نشہ کرنے اور زندگی تباہ کرنے آتے ہیں۔