شمالی وزیرستان: فائرنگ کے بعد گاڑی نذر آتش ، 6 افراد جھلس کرہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کے بعد اسے نذرآتش کردیا جس سے 6 افراد جھلس کر دم توڑ گئے۔

واقعہ میر علی کے مقام پر پیش آیا ۔

پاکستانی سرکاری ٹیلی وی کے دعوے کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے بھتہ نہ ملنے پرگاڑی پر فائرنگ کے بعدپیٹرول چھڑک کر آگ لگائی، جس کے نتیجے میں گاڑی کے اندر موجود 6 نہتے شہری ہلاک ہو گئے۔

پی ٹی وی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر خوارجیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

قبل ازیں، ترجمان میر علی پولیس فضل سبحان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ واقعہ میرعلی ایپی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح ملزموں نے گاڑی کو روک کر پہلے اس پر فائرنگ کی، بعدازاں گاڑی کو آگ لگا دی۔

فضل سبحان کے مطابق اس دوران گاڑی میں موجود 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ لاشوں کے جھلسنے کہ وجہ سے شناخت ممکن نہ ہو سکی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔

Share This Article