بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) کے زیرِ اہتمام لندن میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں تحصیل زہری، بلوچستان میں فوجی کارروائی کے دوران بچوں کے قتل عام کے خلاف آواز بلند کی گئی۔
مظاہرے میں شریک مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تحصیل زہری میں معصوم بچوں کے قتل کے خلاف نعرے درج تھے۔
شرکاء نے پاکستان میں جاری فوجی آپریشنز کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔
بلوچ نیشنل موومنٹ کے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں عام شہریوں، خصوصاً بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بلوچستان کی صورتحال پر خاموش تماشائی نہ رہیں۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے اقوامِ متحدہ، برطانوی حکومت، اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میں ہونے والے مظالم کی آزادانہ تحقیقات کرائیں۔
یاد رہے کہ بی این ایم نے زہری میں فوجی جارحیت اور بلوچ نسل کشی کے خلاف ایک پمفلٹ بھی جاری کیا ہے جس میں زہری میں ریاستی ظلم و بربریت کو پوری طرح بے نقاب کیا گیا ہے۔