بلوچستان میں ٹرین سروس کے بندش کے بعد مسافر وینوں کے کرایوں میں اضافہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں سیکورٹی خدشات کے پش نظر ٹرین سروس کی بندش کے بعد کوئٹہ سے مختلف شہروں کو جانے والی مسافر وینوں نے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کوئٹہ سے جیکب آباد جانے والی وینوں کا کرایہ ایک ہزار روپے سے بڑھا کر بارہ سو روپے کردیا گیا ہے، جب کہ بڑی وینوں کے کرائے 1300 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ عام وینوں میں چھت پر سفر کرنے کا کرایہ بھی 1000 روپے مقرر کردیا گیا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا، اس کے باوجود کرایوں میں بے جا اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھت پر سفر انتہائی خطرناک ہے، اس دوران کئی افراد گر کر زخمی یا ہلاک ہو چکے ہیں۔

مسافروں نے شکایت کی کہ وین مالکان اور عملہ مسافروں کے ساتھ انتہائی بداخلاقی سے پیش آتے ہیں۔ موسیٰ کالونی اسٹاپ سے مسافروں کو ایک ہزار روپے کرایہ لے کر بٹھایا جاتا ہے، لیکن گاہی خان چوک پر زیادہ کرایہ دینے والے مسافروں کو سوار کرنے کے لیے پہلے سے بیٹھے ہوئے مسافروں کو زبردستی اتار دیا جاتا ہے۔

عوام نے ایس ایس پی ٹریفک، وزیر ٹرانسپورٹ حاجی لیاقت لہڑی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ کا تعلق خود ٹرانسپورٹر طبقے سے ہے، اس لیے انہیں ہٹا کر کسی غیر جانب دار نمائندے کو یہ ذمہ داری دی جائے تاکہ عوامی مفاد میں شفاف اقدامات ممکن ہو سکیں۔

Share This Article