شوکت بلیدی نام و شہرت ، نمود و نمائش سے بے نیاز عمل کا دھنی ایک مخلص رہنما و جہد کار تھا،رحیم بلوچ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ نیشنل مومنٹ کے رہنما رحیم ایڈووکیٹ بلوچ نے بی این ایم کے جہد کار شوکت بلیدی کے وفات پر اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ واجہ شوکت بلیدی کی وفات نے انتہائی رنجیدہ کردیا۔ وہ نہ صرف جدوجہد آزادی کا ایک رہنما و جہد کار تھا بلکہ ایک قریبی سیاسی و فکری دوست تھا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی اور قومی تحریک آزادی کے ساتھ مرحوم شوکت بلیدی کی غیر متزلزل کمٹمنٹ، اس کی انتھک جدوجہد، قومی ھدف کے ساتھ شعوری وابستگی و وفاداری، اس کا عزم و عمل اس کے قابل تقلید اور قابل ستائش اوصاف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نام و شہرت اور نمود و نمائش سے بے نیاز وہ عمل کا دھنی ایک مخلص رہنما و جہد کار تھا۔پارٹی نقطہ نظر کے فروغ اور بلوچ قومی تحریک آزادی کے عظیم مقصد کی تبلیغ و تشہیر کیلئے میڈیا کے محاذ پر اس کا بے لوث فعال کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

رحیم بلوچ نے کہا کہ اس کا کردار ماہنامہ سنگر میگزین، سنگر پبلیکیشنز اور ڈیجیٹل ڈیلی سنگر تک محدود نہیں تھا بلکہ قومی تحریک آزادی سے منسلک بہت سے دوسرے میڈیا اداروں میں بھی اس کا کلیدی کردار تھا۔ نہ دشمن کے حملے اسے کمزور کرسکے، نہ مالی مشکلات سے وہ کبھی ہارا، نہ جلا وطنی سے اس کے عزم، ہمت اور عملی کردار پر کوئی منفی اثر پڑا اور نہ جان لیوا بیماری اسے اس کی ذمہ داریوں سے دور اور غافل کرسکا تھا۔ بستر مرگ پر بھی وہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے پُرعزم و فعال تھا۔

انہوںنے کہا کہ ایک دوست اور با عمل و متحرک جہد کار ساتھی کے طور پر مرحوم واجہ شوکت بلیدی کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔دعا ہےا للّہ تعالیٰ مرحوم شوکت بلیدی کی روح کو شانتی نصیب کرے اور جنت الفردوس میں جگہ دے، اس کے بچوں سمیت خاندان اور دوستوں کو یہ غم سہنے کی ہمت و برداشت عطاء کرے۔

Share This Article