مستونگ میں روڈ بلاک احتجاجی دھرنا مذاکرات بعد ختم ، اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے مستونگ کے میجر چوک پر ایف سی کی فائرنگ کے نتیجے میں محمد ابراہیم بلوچ ہلاک ہو گئے، واقعے کے بعد لواحقین اور علاقہ مکینوں نے احتجاجا آر سی ڈی شاہراہ بند کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم نے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔

مقتول کے لواحقین کے مطالبات سنے گئے اور انصاف کی یقین دہانی کروائی گئی جس کے بعد قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی عبدالقادر ولد شاہ مراد بلوچ کی مدعیت میں تھانہ سٹی مستونگ میں مقدمہ نمبر 82/25 درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایف سی اہلکاروں نے میجر چوک پر ابراہیم بلوچ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوا۔

مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

عوامی حلقوں نے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

Share This Article