بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی رہائی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے مطالبے پر پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں جاری احتجاجی دھرنا آج 71ویں روز میں داخل ہوگیا۔
آج ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کی چیئرپرسن منیزہ جہانگیر، افراسیاب خٹک، فرحت اللہ بابر اور سادیہ بخاری سمیت دیگر شخصیات نے کیمپ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے لواحقین سے اپیل کی کہ وہ دھرنے کو ختم کرکے جدوجہد کو کسی اور شکل میں آگے بڑھانے پر غور کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اختتام نہیں بلکہ انصاف کے لیے جدوجہد کے ایک نئے مرحلے کی شروعات ہوسکتی ہے۔
دھرنے کے شرکاء کے مطابق ضعیف مائیں اور بچے مسلسل 71 دنوں سے دارالحکومت کی سڑکوں پر بیٹھے ہیں، لیکن تاحال ان کے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
لواحقین نے کہا کہ مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جدوجہد میں ساتھ دینے والے تمام افراد کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ ساتھ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔