خصدار میں پی پی پی رہنما کے گھر پر دستی بم حملہ، 6 افراد زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین آغا شکیل احمد درانی کے گھر پر دستی بم حملے میں3 محافظ سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ جمعے کی شب خضدار شہر میں پی پی پی کے رہنما کے مہمان خانے پر کیا گیا تھا۔

خضدار پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او عبداللہ کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے آغا شکیل درانی کے گھر کے مہمان خانے پر کیے گئے دستی بم حملے میں چھ افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور دستی بم پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیازخمیوں کے نام جلیل احمد نذیر احمد عبدالودود حفیظ ثناء اللہ منیر احمد آصف شبیر احمد بتائے جاتے ہیں جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

کہا جارہا ہے کہ حملےکے وقت آغا شکیل احمد درانی گھر پر موجود نہیں تھے۔

آغا شکیل احمد درانی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے ان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔

دوسری جانب کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایسے بزدلانہ واقعات عوام اور قیادت کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔‘

اب تک اس حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

Share This Article