ضلع کیچ: حکام نے دشت میں پاکستانی فوج کے قافلے پر فدائی حملے کی تصدیق کردی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے سرکاری حکام نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے دشت کُھڈان میں فوجی قافلے پر ایک خودکش حملہ ہو ا ہے جس کے نتیجے میں 2سکیورٹی اہلکار ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔

دشت سے تعلق رکھنے والے انتظامیہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کُھڈان کے علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں کو اس وقت بم حملے کا نشانہ بنایا گیا جب بسوں سمیت دیگر گاڑیوں پر مشتمل ان کا قافلہ یہاں سے گزر رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد ایک پک اپ گاڑی میں نصب تھا جس کو قافلے میں شامل ایک گاڑی کے ساتھ ٹکرایا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں کا یہ قافلہ تربت شہر کی جانب جا رہا تھا۔

اس واقعے کے حوالے سے بلوچستان میں انتظامیہ کے ایک اور سینیئر اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ حملہ خودکش تھا اور ایک گاڑی میں سوار حملہ آور نے گاڑی کو قافلے میں شامل ایک بس سے ٹکرایا۔

اُنھوں نے بتایا کہ اس حملے میں زخمی ہونے والوں میں 12 کی حالت تشویشناک ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ اس واقعے میں دو عام شہریوں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

واقعے کی ذمہ داری آزادی پسند بلوچ مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ مجید بریگیڈ یونٹ کا ایک فدائی حملہ تھا اس کی تفصیلات جلد میڈیا کو جاری کئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ پیر کو ضلع میں ایک آئی ای ڈی بم حملے میں سکیورٹی فورسز کے ایک کیپٹن سمیت5 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

Share This Article