بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے زامران میں پاکستانی فورسز نے 2 افراد کو مبینہ آپریشن میں مارنے کا دعویٰ کیا ہے ۔جبکہ اس سے قبل دشت میں سی ٹی ڈی نے ایک مبینہ کارروائی میں 2 افرادکو مارنے کا دعویٰ کیا تھا ۔
سیکیورٹی فورسز حکام نے دعویٰ کیا ہے کیا ہے کہ ضلع کیچ کے علاقہ زامران میں فورسز نے اینٹلی جنس بیسڈ اطلاع پر ایک کامیاب کارروائی میں دو مسلح افراد ہلاک کردیے جن کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی سے تھا۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق ان کے قبضہ سے جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، وہ علاقہ میں ٹارگٹ کلنگ سمیت کیپٹن وقار کاکڑ اور فوجی اہلکاروں کو قتل کرنے میں ملوث رہے ہیں۔
دوسری جانب دشت میں سی ٹی ڈی کے مبینہ کارروائی میں ہلاک کئے گئے افراد کی شناخت عتیق عرف میران ولد محمد حاصل اور آشوب کے نام سے کی گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے ان کا تعلق بلوچستان لبریشن فرنٹ سے بتایا ہے۔
واضع رہے کہ سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ دشت کے علاقہ کنچتی کراس ایم 8 شاہراہ پر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے ایک کاروائی میں2 افراد ہلاک کردیے ہیں جن کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردی گئی ہیں۔
فورسز نے اپنے دعوے میں کہا تھا کہ دونوں مشتبہ افراد شاہراہ پر بم نصب کرنے کی کوشش کررہے تھے جنہیں سرویلنس کیمرے سے شناخت کے بعد نشانہ بنایا گیا۔
واضع رہے کہ پاکستانی فوج ، ایف سی ، سی ٹی ڈی اور خفیہ ادارے بلوچستان میں متعدد جعلی کارروائیوں کے ذریعے پہلے سے جبری لاپتہ افراد کو ماورائے عدالت قتل کے سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں ۔