بلوچستان کے علاقے دشت میں پاکستانی فوج کی لشکر کشی اور مسلح افراد مابین جھڑپوں کی اطلاعات ہیں جبکہ نوشکی میں مسلح افراد نے سیکورٹی کیمرے فائرنگ کرکے تباہ کردیئے۔
کوئٹہ سے متصل دشت کے علاقے میں فوج کی جانب سے لشکر کشی کی گئی ہے جس میں فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹروں کے ساتھ ڈرون طیاروں کا استعمال کرکے بمباری کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دشت کے علاقے زہری گٹ کے مقام پر ڈرون طیارے سے گولے داغے گئے اور بعدازاں علاقے میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فوجی اہلکاروں کو اتارا گیا۔
علاقے میں فورسز اور مسلح افراد کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات ہیں تاہم حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
دوسری جانب نوشکی میں مسلح افراد نے سیکورٹی کیمروں کو نشانہ بناکر تباہ کردیا۔
گذشتہ شب نوشکی شہر میں ڈی سی آفس اور اطراف میں شاہراہ پر لگے ہوئے کیمروں کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے تباہ کردیا۔
اس دوران مسلح افراد اور لیویز فورس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق قریب واقع فورسز کے مرکزی کیمپ سے کواڈ کاپٹر کا استعمال کیا گیا جس کو مسلح افراد نے مار گرایا۔
حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔