بلوچستان کے سمندری معدنی ذخائر کو نکالنے کا منصوبہ بھی شروع

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل فواد امین بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی نے چین کی مدد سے سمندر کی تہہ سے گیس کے ذخائر تلاش کر لیے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سینئر صحافی حامد میر نے ریٹائرڈ ایڈمرل فواد امین بیگ کا ایک کلپ شیئر کیا، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے سمندر میں نہ صرف معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے بلکہ اس میں دیگر وسائل کا خزانہ چھپا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ابھی تک ہم اسے نکالنے کے حوالے سے صلاحیت نہیں پیدا کرسکے۔

فواد امین بیگ نے کہا کہ پاک بحریہ کے سربراہ نے چین کی مدد سے ایک سروے کروایا، اس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہمارے پاس کثیر تعداد میں زیر سمندر گیس کے خزانے موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سرمایہ کاروں کو لائیں، وہ پیسے اور ٹیکنالوجی لائیں تاکہ ہم اس خزانے سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یاد رہے کہ پاکستان بشمول بلوچستان کی ساحلی پٹی کی کل لمبائی تقریباً 990 کلومیٹر، جو مشرق میں بھارت کی سرحد سے شروع ہو کر مغرب میں ایران تک پھیلی ہوئی ہے۔

بحرہ بلوچ کے نام سے جانا جانے والا بلوچستان کا سمندری حصہ 720 کلومیٹر جبکہ سندھ بشمول کراچی کا حصہ 270بنتا ہے۔

حامد میر نے ان سوال پوچھا کہ اگر ہم غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان لائیں گے تو ہمارا دمشن اس کے خلاف سازشیں کرے گا، ہم اس کا مقابلہ کیسے کریں گے؟ اس پر ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل کا کہنا تھا کہ جہاں پاکستان ترقی کے قدم بڑھاتا ہے، وہاں دشمن ففتھ جنریشن کے ذریعے ہمارے قدم کو روکتا ہے، جب بھی وسائل کے حوالے سے کوئی خبر آتی ہے کہ سیکیورٹی سے متعلق کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے اور سرمایہ کاروں کو بھگا دیا جاتا ہے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لیکن الحمدللہ میں یہ آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اب جو ہماری دفاعی حکمت عملی ہے، اس کے تحت پاکستان کو ہم ایس آئی ایف سی، فوجی اور سیاسی قیادت کی مدد سے مضبوط معیشت کی طرف لے کر جائیں گے۔

واضح رہے کہ 31 جولائی 2025 کو صدر ٹرمپ نے بتایا تھا کہ ’ہم نے ابھی پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور امریکا مل کر پاکستان ( بلوچستان)میں تیل کے وسیع ذخائر کو ترقی دیں گے، ہم اس وقت اُس آئل کمپنی کا انتخاب کرنے کے عمل میں ہیں جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی‘۔

امریکا نے پاکستان کے ساتھ ملکر بلوچستان کے معدنی ذخائر کے نکالنے کے معاہدے میں یہاں 2دہائیوں سے جاری بلوچ قومی تحریک آزادی کو مکمل کچلنے کا اعادہ بھی کیا تھا۔

پاکستان بشمول بلوچستان میں تیل کے وسیع ذخائر کی دریافت سے متعلق خبر گزشتہ سال ستمبر میں بریک کی تھی۔

6 ستمبر 2024 کو ڈان نیوز نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان نے دوست ملک کے تعاون سے سمندر میں سروے کیا ہے، 3 سال جاری رہنے والے اس سروے میں ثابت ہوا کہ پاکستان کے پاس تیل اور گیس کے وسیع ترین ذخائر موجود ہیں۔

ڈان نیوز نے سیکیورٹی ذرائع سے خبر دی تھی کہ اس سروے میں تیل و گیس کے ذخائر کے حجم اور مقام کا تعین بھی کرلیا گیا ہے۔

Share This Article